زکام میں ناک سے آنے والی رطوبت کہاں سے آتی ہے؟ کیا یہ دماغ سے نکلتی ہے؟
اچھا جی پہلی بات تو یہ ہے نزلے زکام وغیرہ میں ناک سے جو رطوبت نکل رہی ہوتی ہے وہ دماغ سے بلکل نہیں آرہی ہوتی۔
اصل میں ہمارے سانس کی جو نالیاں ہوتی ہیں، جہاں سے ناک سے ہوتے ہوئے ہوا اندر داخل ہوتی ہے یا باہر آتی ہے، ان نالیوں میں خاص خلیے ہوتے ہیں (goblet cells) جو کہ یہ رطوبت پیدا کرتے ہیں، جسے mucus کہا جاتا ہے۔ یہ mucus عام حالات میں بھی پیدا ہوتا رہتا ہے، لیکن اس کی مقدار معمول کے مطابق ہوتی ہے۔ اس mucus کا کام سانس کے ساتھ آنے والی کسی نقصاندہ چیز اور جراثیم وغیرہ کو اگے جانے سے روکنا ہوتا ہے، ساتھ ہی ہوا کے گزرنے کے راستے کو نم رکھنا بھی۔
جب ہمیں کوئی ایسی نزلے زکام والے کسی جراثیم سے اینفکشن ہوتی ہے یا پھر کسی اور طریقے سے جیسا کہ سانس کے ساتھ کسی چیز کے اندر چلے جانے سے ہمارا امیون سسٹم اس چیز یا جراثیم کو باہر نکالنے کے لیے اس mucus کی پیداوار کو بڑھا دیتا ہے، جس سے ہمارے سانس کا راستہ بھی کسی حد تک بلاک ہوتا ہے، ناک بھی بند ہوجاتا ہے اور یہ mucus ناک سے باہر بھی خارج ہونے لگتا ہے۔ یہی وہ رطوبت ہوتی ہے جو نزلہ زکام میں ناک سے نکل رہی ہوتی ہے۔
اینفکشن کے علاؤہ کبھی کوئی چیز جیسا کہ پولن یا مٹی وغیرہ سانس کے ساتھ اندر چلا گیا یا پھر یخ ٹھنڈی ہوا سے بھی سانس کی یہ نالیاں/ راستہ irritate ہوتا ہے اور وہاں اس mucus کی پیداوار میں زیادتی ہوجاتی ہے اور ناک سے نکلنے لگتا ہے۔
اس کام میں دماغ سے کوئی رطوبت نہیں آتی۔ دماغ سے ناک کے راستے کبھی کبھی CSF نام کی رطوبت نکل سکتی ہے، یہ ایک مائع ہوتی ہے جو دماغ اور حرام مغز میں موجود ہوتی ہے، لیکن ایسا خاص کیسز میں ہی ہوتا ہے، اور جو نزلہ زکام کے وقت ناک سے رطوبت نکلتی ہے وہ اس سے الگ ہوتی ہے۔
یہ جو CSF لیکیج ہوتی ہے، اس کی وجوہات مختلف ہوتی ہیں، اور اسکے بارے میں کہا جاسکتا ہے کہ دماغ کی رطوبت ناک سے خارج ہورہی ہے لیکن نزلے زکام والی رطوبت کا کیس اس سے مختلف ہے۔
مجھے یاد ہے جب میں تیسری، چوتھی جماعت میں تھا تو سکول میں ہمارے ساتھ ایک بچہ تھا جسے شاید یہ CSF لیکیج کا مسلہ تھا (جو ظاہر ہے مجھے اس وقت تو معلوم نہیں تھا) لیکن اس میں اس بیماری کی نشانیاں پائی جاتی تھیں۔ ناک ہر وقت بہہ رہا ہوتا تھا، اور وہ بھی صرف ایک سائیڈ/ نتھنے سے، ناک سے آنے والی رطوبت نزلے والی رطوبت کی نسبت تھوڑی پتلی تھی اور پانی جیسی صاف ہوتی تھی، وہ بچہ ذہنی طور پر کچھ کمزور بھی معلوم ہوتا تھا۔ اب مجھے وہ یاد آتا ہے تو لگتا ہے کہ اسے یہ مسلہ ہوگا۔۔۔