کیا فروٹ جوس ، کولڈ ڈرنکس کا بہترین نعم البدل ہے


کولڈ ڈرنکس اور کاربونیٹڈ مشروبات صحت کے لیے مضر اور تباہ کن چیز ہیں ۔۔ یہ بات ہم سبھی جانتے ہیں!!

تاہم گزشتہ دو دہائیوں سے مختلف فوڈ کمپنیز نے ایسے کئی قسم کے مشروبات متعارف کروائے ہیں کہ جو بقول ان کے :

✓ یا تو جن کا استعمال کاربونیٹڈ مشروبات کی نسبت محفوظ اور بہتر ہے ۔

✓ یا پھر وہ نیوٹرینٹس سے بھرپور، صحت بخش اور صحت افزاء ہیں۔

مثلاً ۔۔۔۔ یہاں ہم بات کررہے ہیں فروٹ جوسز کی۔۔ نیسلے یا دیگر فوڈ کمپنیز اچھے اور معیاری پھلوں کا اپنی فیکٹریز میں جوس نکال کر ، اسے نتھارنے اور پاسچرائز کرنے کے بعد ٹیٹراپیکنگ میں پیش کرتی ہیں ۔۔۔۔ یہاں ایک نقطہ یہ بھی ذہن نشین کر لیں کہ مذکورہ کمپنیز ان فروٹ جوسز کی تشہیر بطورِ غذا کرتی ہیں یعنی اگر آپ ان جوسز کے اشتہارات کو ملاحظہ کریں تو اس میں ناشتے کی میز پر دیگر لوازمات کے ساتھ جوس کا ڈبہ اور گلاس موجود ہوں گے اور بچے ، بڑے سبھی ناشتے کے ساتھ اس جوس کو انجوائے کررہے ہوں گے ۔۔

لیکن ٹھہریے ۔۔۔ یہ ایک بہت بڑا Scam ہے !!!

اگر میں کہوں کہ "کوکا کولا کی بوتل اور نیسلے اورنج جوس کے ڈبے میں فرق نہ ہونے کے برابر ہے ".

دونوں ایک جیسے ہی صحت شکن عناصر ہیں ۔۔۔ تو میری یہ سٹیٹمنٹ صد فیصد درست ہوگی ۔۔۔۔کیسے ؟

آئیے جانتے ہیں ۔۔۔۔


1- شوگر :

کولڈ ڈرنکس ہی کی طرح مختلف کمپنیز کے فروٹ جوسز کے اندر بھی چینی کی بھاری ، مطلب بھاری مقدار شامل ہوتی ہے ۔۔۔ ایک گلاس میں 5 سے 7 چمچ کے برابر چینی بھی موجود ہو سکتی ہے ۔ بھلے پھر اس پیکٹ کے اوپر No Added Sugar کے الفاظ کندہ ہوں ۔۔۔ یاد رکھیے ، پھلوں کے جوس میں قدرتی طور پر چینی کی اچھی خاصی مقدار شامل ہوتی ہے ۔۔۔ اب۔۔۔ اگر تو ہم اس پھل کو کھائیں تو اس میں موجود فائبر ، اس چینی کو بہتر انداز میں مینج اور بیلنس کر لیتا ہے ۔۔۔ لیکن ۔۔۔ جوس کے اندر رتی برابر بھی فائبر موجود نہیں ہوتا ۔۔۔ چنانچہ، فروٹ جوس کے نام پر ہم چینی ہی چینی پی رہے ہوتے ہیں وہ بھی اسے ایک صحت بخش مشروب سمجھتے ہوئے ۔

لیکن پھر سوال ہے کہ اس میں وٹامنز تو موجود ہوتے ہی ہیں جو کہ کولا مشروبات میں نہیں ہوتے ۔۔۔؟


2- پاسچرائزیشن :

جوس کو پیک کرنے اور طویل عرصہ یعنی کئی ماہ سے ایک سال تک محفوظ رکھنے کے لیے اسے پاسچرائز کیا جاتا ہے ۔۔۔ جس سے ۔۔۔ وٹامن-سی سمیت کئی نیوٹرینٹس 'ختم' ہو جاتے ہیں ۔

اب ۔۔۔ کمپنیز اسے پھر سے صحت بخش بنانے کے لیے اس میں مصنوعی وٹامن-سی کا اضافی کر تی ہیں ۔۔۔ لیکن ۔۔ یاد رکھیے کہ یہ مصنوعی وٹامن-سی مکمل وٹامن نہیں بلکہ اس کا محض ایک کمپوننٹ ہوتا ہے۔ 

چنانچہ ۔۔۔ یہ پیکٹ بند فروٹ جوسز بھی اتنے ہی 'صحت بخش' ہو سکتے ہیں کہ جتنی پیپسی یا سٹنگ !!


3- پریزرویٹیوز:

جوس بہت جلدی خراب ہو جانے والی چیز ہے ۔ چنانچہ ۔۔ کمپنیز کی یہ مجبوری ہوتی ہے کہ اس کی شیلف لائف بڑھانے کے لیے اس میں پریزرویٹیوز شامل کریں ۔

گویا اب اس جوس میں وہ کیمیکلز شامل ہوچکے ہیں کہ جن کا مقصد محض اسے لمبے عرصے تک خراب ہونے سے روکنا ہے ۔۔۔ یہ پریزرویٹیوز کئی قسم کے سائیڈ ایفیکٹس کے حامل ہوتے ہیں ۔

۔۔۔۔۔۔

نقصانات :

پیکٹ بند "سو فیصد خالص اور صحت بخش فروٹ جوسز" کے بعض نقصانات درج ذیل ہیں :

1- ذیابیطس کے خطرے میں اضافہ ۔

2- وزن میں غیر متوازن اضافہ ۔

3- انتہائی ہائی-کیلوری مشروب۔

4- دانتوں کی خرابی کے خدشات ۔

5- جگر کو نقصان پہنچنے کے خدشات ۔


اور۔۔۔۔ یہ سب تو میں نے نیسلے جیسی بہترین کمپنیز کے فروٹ جوسز سے متعلق لکھا ہے ۔

دیگر کمپنیز جو اپنے جوسز میں اضافی چینی اور آرٹیفیشل فلیورز، فوڈ کلرز شامل کرتی ہیں وہ تو باضابطہ خطرناک ہیں !!!

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

کیا تازہ پھلوں کا جوس ، پیکٹ بند فروٹ جوس کا بہترین نعم البدل ہے ؟

کچھ حد تک ۔۔۔

جیسا کہ میں پہلے بتا چکی تازہ فروٹ جوس ۔ جسے ابھی کے ابھی ہم نے خود بنایا ہو وہ بھی فائبر سے عاری اور شکر سے بھرپور ہوتا ہے ، فرکٹوز کی بھاری مقدار کو ہینڈل کرنا ہمارے جگر کے لیے ایک بڑا چیلنج ثابت ہو سکتا ہے جو کہ ہائی بلڈ شوگر اور فیٹی لیور کا باعث بن سکتا ہے ۔

لہذاٰ ۔۔۔۔ تازہ فروٹ جوسز کو ضرور پیئں، ضرور انجوائے کریں تاہم اعتدال کےساتھ ۔۔۔۔ ایک وقت میں ایک گلاس فروٹ جوس تک تو کافی ہے لیکن ایک وقت میں دو تین گلاس ۔۔۔ یا پھر روزانہ کی بنیاد پر فروٹ جوس پینا بھی صحت کے لیے کئی سنجیدہ مسائل کا باعث بن سکتا ہے ۔

ہاں ۔۔۔ تازہ فروٹ جوس میں وٹامن-سی کی اچھی مقدار موجود ہوتی ہے لہٰذا یہ کولڈ ڈرنکس اور پیکٹ بند جوسز کی نسبت پھر بھی کہیں بہتر ہے !!

پھلوں کی غذائیت سے مستفید ہونے کا بہترین ذریعہ پھلوں کو کھانا ہے!!


۔۔۔